امریکا اور ایران کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ، ٹرمپ کا اظہار تشکر

بین الاقوامی نیوز،8دسمبر ، 2019

دونوں افراد کی رہائی میں سوئٹزرلینڈ نے ثالثی کاکردار ادا کیا ہے— فوٹو: عرب میڈیا
امریکا اور ایران نے قیدیوں کا تبادلہ کرتے ہوئے واشنگٹن سے ایرانی اسکالر اور تہران سے چینی نژاد امریکی کو رہا کیا ہے۔

امریکا نے ایرانی سائنسدان مسعود سلیمانی کو رہا کیا جب کہ ایران کی جانب سے چینی نژاد امریکی اسکالر یووانگ کو رہا کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں افراد کی رہائی میں سوئٹزرلینڈ نے ثالثی کاکردار ادا کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کچھ عرصے کے دوران تناؤ کے بعد اس اقدام کو اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔

ایران نے 2016 میں جاسوسی کے الزام میں چینی نژاد امریکی اسکالر یووانگ کو گرفتار کیا تھا،فوٹو:ایرانی میڈیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اسکالر کی رہائی پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک آپس میں ڈیل کرسکتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ امریکا خوش ہے کہ ایران نے اس معاملے میں تعمیری کردار ادا کیا، اس موقع پر انہوں نے رہائی میں کردار پر سوئٹزرلینڈ کا بھی شکر یہ اداکیا۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے سوشل میڈیا پر رہائی میں شریک تمام افراد خصوصاً سوئس حکومت کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ مسعود سلیمانی اوریووانگ جلد اپنے گھر والوں کے ساتھ ہوں گے جب کہ انہوں نے جہاز میں دوران سفر مسعود سلیمانی کے ساتھ تصویر بھی ٹوئیٹ کی ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے 2016 میں جاسوسی کے الزام میں چینی نژاد امریکی اسکالر یووانگ کو گرفتار کیا تھا۔

ایرانی سائنسدان مسعود سلیمانی کو امریکی حکام نےگزشتہ سال تجارتی پابندیوں کی خلاف ورزی اور ممنوعہ بائیولوجیکل مواد برآمد کرنے کے الزام میں شکاگو ائیر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا
۔


متعلقہ خبریں