اونٹاریو ٹرک ایسو سی ایشن کی جانب سے کمرشل ڈرائیورز کے لئے ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار دینے کی تجویز

قومی آواز ۔ اونٹاریو
Friday, October 20, 2017
اونٹاریو ٹرک ایسو سی ایشن کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نشے کی لت میں مبتلا اور سڑکوں پر دوسروں کے لئے خطرہ بننے والے ڈرائیورز سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ ڈرگ ٹیسٹ کو ہر کمرشل ڈرائیور کے لئے لازمی قرار دیا جائے۔ یہ تجویز دیتے ہوئے ایسو سی ایشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے دوران اونٹاریو کے ٹریفک سیکشن نے تین ڈرائیورز کو نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس بات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا کہ کوئی کمرشل ڈرائیور نشے کی حالت میں اپنا ٹرک آپریٹ کرے۔ ایسو سی ایشن کے صدر اسٹیفن لاسکووسکی نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ایسو سی ایشن میں نشے کی حالت میں گاڑی ڈرائیو کرنے پر زیرو ٹولیرینس کی پالیسی اپنائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ہونے والے مہلک حادثات میں ٹرک اور ٹریکٹر ڈرائیورز کا تناسب بہت ہی کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسو سی ایشن کی جانب سے لازمی ٹیسٹ کی تجویز سے نشے کی حوصلہ شکنی ہو گی اور ڈرائیورز کو قانون کے احترام کا درس ملے گا۔