بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت بڑی عقیدت سے منایا جا رہا ہے

قومی آواز ۔ کراچی

پاکستان نیوز 25 دسمبر ، 2018

صدرِ مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے اس موقع پر قوم کو خصوصی پیغامات دیے گئے
بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا 143 واں یوم پیدائش قومی یکجہتی اور جوش و جذبے سے منایا جارہاہے۔

ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر پرچم لہرائے گئے اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا۔

اس حوالے سے اولین طور پر مزار قائد پر ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی اور پاکستان پی ایم اے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب میں فاتحہ خوانی کی گئی اور مزار قائد پر پھول چڑھا کر بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے وزرا کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔ علاوہ ازیں مسلح افواج کے نمائندوں، وزیر ریلوے شیخ رشید اور دیگر اہم شخصیات نے بھی مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانہ کی۔ شہریوں کی بھی بڑی تعداد بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے پہنچ رہی ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنا خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قوم معاشرہ سے انتہا پسندی، دہشت گردی اور بدعنوانی کی لعنتوں سے نجات کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے اور اس عزم کی تجدید کی جائے کہ ہم قائداعظم کے نقطہ نظر کی روشنی میں مادر وطن کی خدمت کی خدمات کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے اور قائد اعظم کے افکارات کو حقیقت میں ڈھالنے کے لیے ایک متحد قوم کی حیثیت سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ان کے بتائے گئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو حقیقی فلاحی، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ بھی کرنا ہوگا کہ ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے، ہم سب قائداعظم کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ایک قوم کی حیثیت سے کام کریں گے اور ملک کو دنیا میں اس کا حقیقی مقام دلائیں گے۔


متعلقہ خبریں