جہاز میں اے سی بند ہونے سے بچے کی حالت خراب، سی ای او پی آئی اے نے نوٹس لے لیا

بدھ 8 اگست 2018
قومی آواز
اسلام آباد
پیرس سے اسلام آباد آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے اے 750 میں اے سی سسٹم بند ہونے کے باعث ایک نومولود بچے سمیت دیگر مسافروں کی حالت خراب ہوگئی جس کا سی ای او نے نوٹس لے لیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کا اے سی سسٹم خراب ہونے کی وجہ سی کیبن میں شدید گھٹن ہوگئی، لیکن مسافروں کی شکایت پر بھی عملے نے کان نہیں دھرے۔

اسی دوران ایک نومولود بچہ بے ہوش ہوگیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے کی والدہ شور مچاتے ہوئے عملے سے کہہ رہی ہیں کہ اے سی نہیں چل رہا تو دروازہ ہی کھول دیں۔

یہ خبریں آپ قومی آواز ٹورنٹو پر پڑھ رہے ہیں

دیگر مسافروں کی جانب سے بھی شدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کا مؤقف

واقعے کے حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی آئی اے ترجمان مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ انہیں اب تک انتظامیہ کی جانب سے ایسا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں کیا گیا ہے لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر تحقیقات جاری ہیں اور عملے کی شناخت کی جارہی ہے، اگر عملے کی جانب سے مسافروں کے ساتھ اس طرح کا رویہ پیش آیا ہے تو اس کے خلاف ضرور ایکشن لیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے مسافروں کا خیال رکھتے ہیں اور اگر کبھی بھی ایسا کوئی واقعہ پیش آتا ہے، جس میں مسافروں کی جان کا خطرہ ہوتا ہے تو ہم جہاز لینڈ بھی کروا دیتے ہیں۔

سی ای او پی آئی اے کا نوٹس

دوسری جانب قومی ائیرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے طیارے کے کپتان کو واقعے کی وضاحت کے لیے نوٹس جاری کردیا گیا ہے جب کہ پیرس ائیر پورٹ پر پی آئی اے کےگراؤنڈ ہینڈلنگ عملے سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں