دنیا بھر میں سب سے ذیادہ آن لائن قرآن پاکستان سے پڑھایا جارہاہے

قومی آواز ۔ اسلام آباد: پاکستان دنیا کا ’قاری صاحب‘ بن رہا ہے۔ اخبار ٹورنٹو سٹار کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان سے سکائپ کے ذریعے امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر یورپی ممالک میں قرآن پڑھایا جا رہا ہے اور یہ کام روز بروز بڑھ رہا ہے۔ اس کام سے منسلک پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک میں مساجد اور مدارس کی تعداد آبادی کے تناسب سے ناکافی ہے، اس لئے ان ممالک میں مقیم مسلمان انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے بچوں کو پاکستان سے تعلیم دلوا رہے ہیں۔ ”ریڈ قرآن آن لائن“ کے مالک ظہور احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے آٹھ سال قبل کال سنٹر بنایا تھا جہاں دو قاری صاحب چند بچوں کو قرآن پڑھاتے تھے مگر اب 320 طلباءکو 22 استاد تعلیم دے رہے ہیں، بچوں کو صحیح تلفظ کے ساتھ ناظرہ قرآن پڑھایا جاتا ہے، ہفتے میں پانچ روز آدھا گھنٹہ تعلیم کے عوض 25 ڈالر فیس وصول کی جاتی ہے۔ ظہور احمد کا مزید کہنا تھا کہ وہ 320 طلبا سے چھ سے سات ہزار ڈالر ماہانہ کما لیتے ہیں جبکہ اساتذہ کو 100 سے 220 ڈالر کے درمیان تنخواہ دی جاتی ہے۔