سابق صدر آصف علی زرداری کو رہا کردیا گیا

قومی آواز:اسلام آباد

پاکستان 12 دسمبر ،  2019ویب ڈیسک

سابق صدر آصف علی زرداری کو رہا کردیا گیا

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کو رہا کر دیا گیا۔

آصف زرداری پمز اسپتال میں زیر علاج تھے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے ضمانتی مچلکے داخل ہونے پر سابق صدر کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی۔ روبکار جاری ہونے کے بعد آصف زرداری کو پمز اسپتال سے رہا کر دیا گیا جہاں سے وہ زرداری ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

سابق صدر کی جانب سے رب نواز اور سردار توقیر نے عدالت میں بطور ضامن ایک، ایک کروڑ روپے کے مچلکے داخل کرائے جب کہ راجہ صابر اور راجہ زاہد نے ضمانتی مچلکوں سے متعلق گواہی دی۔

آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور

اس موقع پر احتساب عدالت کے جج نے رب نواز سے سوال کیا کہ آپ کو پتہ ہے کس کیس میں ضامن بن رہے ہیں؟ جس پر رب نواز نے جواب دیا کہ جی معلوم ہے۔

ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع ہونے کے بعد احتساب عدالت نے صدر پیپلز پارٹی کی ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری کر دی۔

احتساب عدالت کی جانب سے آصف زرداری کی ضمانت پر رہائی کی روبکار سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے نام جاری کی گئی۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے جنہیں طبیعت ناساز ہونے پر 23 اکتوبر کو پمز منتقل کیا گیا جہاں وہ اب تک زیر علاج تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈٹ (ایم ایس) کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں