سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، سب سے پہلے آرمی چیف سے ملاقات،

قومی آواز ۔ اسلام آباد : سعودی وزیر خا رجہ عادل الجبیر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں ،ائیرپورٹ پر ان کا استقبال مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کیا۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے اس دورے میں سب سے پہلی ملاقات آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کی ہے، ملاقات کے دوران الجبیر نے پاک فوج کی دہشتگردی کےخلاف کارروائیوں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کر کے آرمی چیف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی وزیر عادل الجبیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شاندار کامیابیوں کو سراہتے ہیں۔واضح رہے کہ سعودی اور ایران کے درمیان حالیہ تنازعے کے بعد سعودی وزیر خارجہ کے پاکستان دورے کو بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں