سپریم جوڈیشل کونسل اب بہت ایکٹو ہے، احتساب کا عمل شروع ہوچکا: چیف جسٹس

جمعہ12 اکتوبر 2018
قومی آواز :اسلام آباد
لوگ چیخ چیخ کر مر رہے ہیں اور انصاف نہیں مل رہا، کم کیسز کے فیصلے کرنے والے ججز کے خلاف بھی آرٹیکل 209 کے تحت کارروائی ہوگی، جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل اب بہت ایکٹو ہے اور احتساب کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

ہائیکورٹس کی ذیلی عدالتوں سے متعلق سپروائزری کردار کے بارے میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ اب سب ججز کا احتساب ہوگا، لوگ چیخ چیخ کر مر رہے ہیں اور انصاف نہیں مل رہا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے بنچ نمبر ون نے سات ہزار کیس نمٹائے، ججز سے پوچھتے ہیں تو وہ کہتے ہیں 20 کیس نمٹائے۔

متنازع خطاب: جسٹس شوکت عزیز کو عہدے سے ہٹادیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ کم کیسز کے فیصلے کرنے والے ججز کے خلاف بھی آرٹیکل 209 کے تحت کارروائی ہوگی۔

یاد رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔

شوکت عزیز صدیقی نے رواں سال 21 جولائی کو راولپنڈی بار میں خطاب کے دوران حساس اداروں پر عدالتی کام میں مداخلت کا الزام عائد کیا تھا، ان کے اس بیان پر سپریم جوڈیشل کونسل نے از خود کارروائی کی۔


متعلقہ خبریں