سپریم کورٹ کا پاکستان کی بڑی منرل واٹر کمپنیوں کے پانی کے معائنے کا حکم

اتوار16 ستمبر 2018
قومی آواز ۔ اسلام آباد
واٹر کمپنیوں کی جانب سے آڈٹ کیلئے ایک ماہ کی مہلت کی استدعا مسترد، فرانزک آڈٹ کے بعد طے ہوگا کہ کمپنیاں حکومت کو کتنی ادائیگی کریں گی، چیف جسٹس کے ریمارکس۔ فوٹو: فائل
لاہور: سپریم کورٹ نے پاکستان کی بڑی منرل واٹر کمپنیوں کے پانی کے معائنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے منرل واٹر کمپنیوں سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

اس موقع پر واٹر کمپنیوں کی جانب سے آڈٹ کے لیے ایک ماہ کی مہلت دینے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ 20 سال سے کمپنیاں صرف منافع ہی کما رہی ہیں اور کمپنیاں پانی لینے کے عوض جو پیسے ادا کررہی ہیں وہ دنیا میں سب سے کم ریٹ ہے’۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کمپنیوں نے اربوں روپےکا منافع کمایا لیکن حکومت کو انتہائی معمولی رقم ادا کی، اب وقت آگیا ہےکہ جو قوم نے ہمیں دیا اسے لوٹانا ہے، لوگوں میں احساس پیداہوگیا ہے کہ اب ہمیں پوچھا جا سکتا ہے’۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پانی ایک ایسا ایشوہے جسے ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اب بڑی بڑی سوسائٹیوں کا نمبر آنا ہے جو ٹیوب ویل لگا کر رہائشیوں سے پوری قیمت وصول کرتی ہیں مگرحکومت کو ایک پیسہ نہیں دیتیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آئندہ ہفتے سوسائٹیوں میں پانی کی فراہمی سے متعلق بھی کیس کی سماعت شروع کریں گے۔۔ یہ خبریں آپ قومی آواز ٹورنٹو پر پڑھ رہے ہیں .

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ایک لیٹر پانی 50 روپے کا بیچا جارہا ہے اور خزانے میں ایک پیسے کا آٹھواں حصہ دیا جارہا ہے، پانی کے عوض ملکی خزانے میں انتہائی معمولی رقم جمع کروائی گئی، غیر ملکی کمپنیاں سرمایہ کاری ضرور کریں لیکن ملکی قوانین کی پابندی بھی کریں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ غیر ملکی سرمایہ کاری ہے، جو سہولیات ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ملیں گی وہی مقامی سرمایہ کاروں کو بھی ملیں گی، قدرتی پانی کے استعمال پر ہر کمپنی کو ٹیکس دینا پڑے گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اگر پانی کی صورتحال یہی رہی تو ہمارے بچوں کو پانی نہیں ملے گا، فرانزک آڈٹ کے بعد طے ہوگا کہ کمپنیاں حکومت کو کتنی ادائیگی کریں کی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اس کیس کے بعد کمپنیاں مناسب قیمت ادا کریں گی اور ریٹ بھی مناسب رکھیں گی۔
۔ یہ خبریں آپ قومی آواز ٹورنٹو پر پڑھ رہے ہیں .


متعلقہ خبریں