شہریوں کا تحفظ داﺅ پر لگ گیا ،سٹی پولیس کے اہلکار معیاری پرفارمنس دینے سے قاصر ہیں ،یونین لیڈر کا انتباہ

March 14, 2017

قومی آواز ٹورانٹو ۔  ٹورنٹو پولیس یونین کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا ہے شہر کی پولیس شہریوں کو تحفظ دینے کے لئے مطلوبہ معیار کی حامل نہیں ہے ۔ پولیس کی نفری کم ہے اور بہت کم اہلکار عمدہ کارکردگی دکھا پاتے ہیں۔ٹورنٹو پولیس ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی سال سے محکمہ پولیس میں نفری کم ہونے کا مسئلہ چل رہا ہے لیکن اس کا ابھی تک کوئی حل سامنے نہیں آیا۔یونین کے سربراہ مائیک میکورمارک کہتے ہیں کہ پولیس آفیسرز کو ہر آنے والی کال کو اٹیند کرنے اور موقع پر پہنچنے کا ٹاسک دیا جاتا ہے اور دوران ڈیوٹی آفیسرز کا بھاگ بھاگ کر برا حال ہو جاتا ہے ایسے میں ان کا مورال ڈاﺅن ہو جاتا ہے اور وہ ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں۔اس وقت صورتحال یہ ہے کہ اگر پولیس کے عزم و حوصلے کی جانچ کی جائے تو وہ تقریباً68% فیصد کے قریب ہے۔زیاددہ تر پولیس افسران ڈویژن بھر میں نقل و حرکت کرتے رہتے ہیں اور بعض اوقات ایک ڈویژن میں محض چار یا پانچ آفیسرز ہی ڈیوٹی پر رہ جاتے ہیں۔پھلے جمعے کو اس وقت حد ہی ہو گئی جب 31ڈویژن میں صرف ایک پولیس کار ڈیوٹی پر موجود پائی گئی کیونکہ باقی گاڑیاں گشت پر گئی ہوئی تھیں۔یونین کے سربراہ نے کہا کہ اب تو اکثر پولیس افسران کسی دوسری جگہ نوکری تلاش کر رہے ہیں تاکہ ان مشکلات سے جان چھڑائی جا سکے ۔ اگر ایسا ہوا تو پولیس کے محکمے میں بڑے پیمانے پر استعفے آ سکتے ہیں جس سے محکمے میں بحران کی سی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ٹورنٹو پولیس نے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے تحت 450نئے افسران بھرتی کئے جائیں گے اور انہیں اعلیٰ تربیت دی جائے گی جو کلریکل اور نان کلریکل فرائض انجام دیں گے۔میکورمارک نے پولیس چیف مارک سینڈر ز سے بھی پولیس ہیڈ آفس میں ملاقات کی اور ان سے اس مسئلے پر بات چیت کی مگر اس میٹنگ کا کیا نتیجہ نکلا اس بارے میں انہوں نے کچھ نہیں بتایا ۔