صدر مملکت کی کرائسٹ چرچ حملے میں شہید ہونے والے اریب کے گھر جا کر تعزیت

قومی آواز: کراچی:
قومی خبریں 18 مارچ ، 2019

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے کرائسٹ چرچ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے اریب احمد کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے سید اریب احمد کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

صدر مملکت نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملے میں شہید ہونے والے ذیشان رضا کی بہن کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے شہید ذیشان کے بہنوئی اور بہن سے اظہار تعزیت کی۔

نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گرد حملوں میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی

ڈاکٹر عارف علوی نے ذیشان کے اہلخانہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کروائی۔

دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو اور عاجز دھامرا بھی شہید اریب کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سےتعزیت کی۔

یاد رہے کہ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے جس میں 50 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، حملہ آور آسٹریلوی سمیت 4 افراد حراست میں ہیں۔

فائرنگ کے واقعے میں 9 پاکستانی شہید ہوئے ہیں جس میں سید اریب احمد کا تعلق کراچی سے تھا


متعلقہ خبریں