غیر ملکی خادمہ اور دیکھ بھال کرنے والے افراد پر عائد فیس ختم ، وفاقی حکومت کا اہم اعلان

Thursday, December 28, 2017
قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت فوری طور پر غیر ملکی خادماﺅں اور گھر کے افراد کی دیکھ بھال کرنے والے افراد پر عائد ایک ہزار ڈالر فیس ختم کر رہی ہے۔ یہ فیس 2014میں عائد کی گئی تھی جو ان فیملیز پر لاگو ہوتی تھی جو کسی غیر ملکی کو اپنے گھر میں بچوں یا گھر میں موجود کسی جسمانی عارضے کے شکار فرد کی خدمت کے لئے ملازم رکھتے تھے ۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیس درمیانہ درجے کی انکم رکھنے والے افراد کے لئے بہت زیادہ تھی لہذٰا اسے ختم کیا جا رہا ہے۔یہ سہولت ان فیملیز کو دی گئی ہے جن کی سالانہ انکم ڈیڑھ لاکھ ڈالر سے کم ہے۔ زرائع کے مطابق بہت سی ایسی فیملیز بھی تھیں جو کسی غیر ملکی کی خدمات حاصل کرنے کی خواہشمند تھیں لیکن اس بھاری فیس اور دیگر اخراجات کی وجہ سے وہ یہ سہولت حاصل کرنے سے محروم تھیں۔ اس فیس کے ختم ہونے کے بعد اب وہ کم آمدنی والے افراد بھی غیر ملکی ملازمین کی خدما ت حاصل کر پائیں گے جو اس سے قبل ایسا نہیں کر پاتے تھے۔ ایمپلائمنٹ اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ کینیڈا کے مطابق جو یہ پروگرام چلاتی ہے نے کہا ہے کہ جو لوگ کسی بھی دماغی یا جسمانی معذوری کا شکار ہیں اب وہ اس فیس کی ادائیگی کے بغیر ہی غیر ملکی افراد کی خدمات حاصل کر سکیں گے۔