لیاری گینگ وار کا سرغنہ عزیر بلوچ رینجرز نے گرفتار کرلیا

قومی آواز کراچی(نامہ نگار) لیاری گینگ وار کےمرکزی کردار عزیر بلوچ کو رینجرز سندھ نے کراچی میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کے دوران عزیر بلوچ کوجمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کراچی کے مضافاتی علاقے سے حراست میں لیا گیا جب وہ کراچی میں داخل ہونے کی کوشش میں تھا ۔ رینجرز نے گرفتاری کی خبر میڈیا پر آنے سے پہلے ہی ملزم سے تفتیش کا عمل شروع کردیا تھا جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملزم کو آج ہی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کردیا جائے گا جہاں سے اس کا 90 روزہ ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عزیر بلوچ لیاری گینگ وار کا مرکزی کردار ہے اور اس پر کراچی کے علاقے لیاری کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت درجنوں مقدمات درج ہیں۔عزیر بلوچ 2013 میں حکومت کی جانب سے ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن شروع ہونے پر بیرون ملک فرار ہوا تھا۔ مذید جاننے کیلئے پڑھتے رہیے قومی آواز ۔۔