مئیر جان ٹوری اگلی گول میز میٹنگ میں خالی مکانوں پر ٹیکس کا بل متعارف کرائیں گے

March 31, 2017
مئیر جان ٹوری اگلی گول میز میٹنگ میں خالی مکانوں پر ٹیکس کا بل متعارف کرائیں گے
قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔
معلوم ہوا ہے کہ ٹورنٹو کے مئیر جان ٹوری اگلی گول میز میٹنگ کے دوران خالی مکانوں پر ٹیکس کا بل متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکس حال ہی میں وینکوور میں لاگو کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹورنٹو میں اس وقت 65ہزار سے زائد گھر خالی پڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے اس سے قبل ایک میٹنگ کی صدارت بھی کی جس میں ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کے نمائندوں سمیت شعبے کے ماہرین ،ایدوکیٹس اور ڈیولپرز نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حال ہی میں برٹش کولمبیا میں بیرونی علاقوں سے آنے والے جائیداد کے خریداروں پر ایک ٹیکس عائد کیا گیا ہے جو اس صوبے کے حوالے سے تو ٹھیک ہی ہو گا مگر ٹورنٹو کی مارکیٹ ابھی اتنی وسیع نہیں ہے کہ اس پر ایسا کوئی ٹیکس عائد کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ٹورنٹو بیرونی دنیا میں ایک مشہور اور مقبول علاقہ ہے اور لوگ یہاں آنا چاہتے ہیں۔ یہاں دنیا بھر کے لوگ رہتے اور کام کرتے ہیںاور ان کی رہائشی ضروریات ہیں۔ ٹورنٹو میں پچھلے سال رہائشی یونٹوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور بعض یونٹ شہریوں کی دسترس سے باہر ہو گئے ہیں۔ پچھلے سال یہ اضافہ 20%فیصد تک گیا جو کہ تشویشناک بات ہے کیونکہ اس سے رہائش کی مشکلات میں اضافہ ہوا ۔اگر رہاش اتنی مہنگی ہو گی تو اس سے مڈل کلاس اور نچلے طبقے کی زندگی مشکل ہو جائے گی۔رہائشی شعبہ با کفایت ہونا چاہیے تاکہ ہر کوئی اپنا گھر حاصل کر سکے نہ کہ اسے لگژری بنا دیا جائے جس کی عام آدمی کو ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹورنٹو ہر شخص کے لئے پہلی ترجیح ہو اور ہر شخص یہاں پر رہ سکے جس ک لئے سستے رہائشی یونٹوں کی ضرورت ہے۔یہاں ایسے لوگ بھی بستے ہیں جو سستے کرایوں کے متلاشی رہتے ہیں اور زندگی میں پہلی بار گھر خریدنا چاہتے ہیں مگر ان کو یہ گھر بہت ہی مہنگی قیمتوں پر ملتے ہیں جوکہ ٹھیک بات نہیں ہے۔میٹنگ میں ماہرین کے پینل نے اس بات پر بھی غور کیا کہ حکومت کے تعاون سے ایسے اقدامات کئے جائیں کہ جس سے عام آدمی کو ضروری لوازمات سے بھرپور سستی رہائشی سہولیات فراہم ہو سکیں۔میٹنگ میں حکومت کی پہلی ترجیح شہر میں موجود تیار مکانات اور سستے کرایوں پر مشتمل اپارٹمنٹ بلڈنگ تھیں جن کو عوام کی پہنچ میں لانے کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے۔مئیر ٹوری نے کہا کہ ایسے تیار اپارٹمنٹ کو سامنے لانا ضروری ہے جو سستے ہوں تاکہ لوگ ان کو خرید سکیں۔بے کار پڑے اپارٹمنٹ سے شہریوں کو کوئی فائدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہ تعمیری شعبہ میں کوئی پروجیکٹ شروع کرنے میں وقت لگتا ہے اور وہ کسی ایسے فوری حل کے لئے تیار نہیں ہیں جو آگے جا کر مشکلات پیدا کرے اسی لئے عوام کو مستحکم اور مضبوط لانگ ٹرم رہائشی سہولیات کی فراہمی اور پالیسی دینا ہی ان کی زمہ داری ہے۔