نزلے زکام سے بچنے کے لئے زیبرا فش سے ویکسین کی تیاری کی ریسرچ کامیاب ، ڈاکٹروں کا دعویٰ

قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔
Saturday, November 25, 2017
سینٹ مائیکل اسپتال کے ریسرچرز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک چھوٹی قسم کی مچھلی زیبرا فش پر ریسرچ کرنے کے بعد ایک خاص قسم کی ویکسین کی تیاری شروع کر دی ہے جس کی مدد سے دنیا کی سب سے عام بیماری یعنی نزلہ اور زکام کا علاج کیا جا سکے گا۔ ڈاکٹر وارین لی اور ڈاکٹر زیاﺅ ین وین کا کہنا ہے کہ وہ کافی عرصے سے زیبرا فش پر تحقیق کر رہے تھے اور اس مچھلی کی بعض خصوصیات کی وجہ سے انہیں یقین تھا کہ یہ مچھلی انفلوئینزا اور نزلہ زکام کے علاج میں کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔ تحقیق کے مختلف مراحل کی تکمیل کے بعد اب وہ یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ اس مچھلی کی مدد سے نزلے زکام کو ٹھیک کرنے کی ایک بہترین ویکسین تیار کی جا ئے گی جس سے اس بیماری سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر لی کا کہنا تھا کہ نزلہ زکام ایک ایسی بیماری ہے جس کا اب تک کو ئی شافی علاج دریافت نہیں ہو سکا ہے مگر اب توقع ہے کہ اس کے لئے ایک کامیاب ویکسین تیار کر لی جائے گی جو جلد مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔