نیویارک میں ٹرک حملہ: 8 افراد ہلاک اور کئی زخمی

Wednesday, November 1, 2017

قومی آواز ۔ نیو یارک ۔
نیویارک میں ٹرک حملہ: 8 افراد ہلاک اور کئی زخمی

نیویارک کے اقتصادی مرکز مین ہٹن میں حملہ آور نے سائیکل ٹریک اور راہ گیروں پرپک اپ ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق گاڑی کو اسکول بس سے ٹکرانے کے بعد حملہ آور دو نقلی بندوقیں لے کر گاڑی سے اترا جس پر پولیس نے اسے گولی مار کرزخمی کیا اور گرفتار کرلیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق حملے میں مار گئے 8 افراد میں ارجنٹینا کے 5 اور بیلجیئم کا ایک شہری شامل ہے۔

دنیا کے مختلف حصوں میں لوگوں کو گاڑیوں سے کچلنے کے واقعات

نیو یارک پولیس نےحملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے تاہم اس کی عمر 29 سال بتائی جارہی ہے۔

جب کہ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور ازبک شہری ہے جس کا نام سیف اللہ سائیپوف ہے اور یہ 2010 میں امریکا آیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ٹرک کو ہوم ڈیپو سے کرائے پر لیا گیا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک چھرے دار بندوق اور ایک پینٹ بال گن برآمد کی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ داعش کو شکست دینے کے بعد اسے دوبارہ امریکا میں گھسنے نہیں دیں گے۔

امریکی صدر نے غیر ملکیوں کی جانچ پڑتال مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ادھر گورنر نیویارک کا کہنا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کے کسی بڑے منصوبے کے شواہد نہیں ملے۔


متعلقہ خبریں