ٹورنٹو شہر نئے سال کا استقبال پچاس سالہ تاریخ کے سرد ترین دن سے کرے گا، موسمیات کینیڈا

Saturday, December 30, 2017
قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔

موسمیات کینیڈا نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنٹو شہر اس سال نئے سال کا استقبال اپنی پچاس سالہ تاریخ کے سر د ترین دن سے کرے گا۔ کینیڈا کے دیگر علاقے بھی آرکٹک سے آنے والی سرد ہواﺅں کی لپیٹ میں ہیں۔محکمے کا کہنا ہے کہ نئے سال کا استقبال سرد ترین دن سے ہوگا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ نئے سال کے پہلے دن ٹورنٹو کا درجہ حرارت منفی 22سے بھی نیچے جا سکتا ہے جس کے نتیجے میں نئے سال کے استقبال کے لئے کئے جانے والے تمام ایونٹس اور ایسی تمام نمائشیں اور دیگر پروگرام جوکھلے میں منعقد کرنے کا اہتمام کیا گیا تھا اب ممکن نہیں ہوں گے۔محکمے نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اعزاءدوست احباب اور دیگر جاننے والوں کی خیر خبر لیتے رہیں ایسا نہ ہو کہ کسی کو مدد کی ضرورت ہو او ر کسی کو پتہ نہ چلے۔ محکمے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگلے چند دنوں میں شہر کی سڑکوں پر حد نظر بہت کم ہو جائے گی ایسے میں ڈرائیونگ کرنے سے محتاط رہیں۔ شدید سرد موسم کا اثر پروازوں پر بھی پڑا ہے اور سیکڑوں پروازیں اپنے معمول سے ہٹ کر روانہ کی جا رہی ہیں۔ برف نے سڑکوں پر مسائل کھڑے کر دیئے ہیں اور میونسپل کے تمام ٹرک سڑکوں سے برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہیں۔ طویل سفر کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر اپنے ساتھ کافی خوراک ، ٹارچ، ضروری ادویات، ایمرجنسی کٹ اور پینے کا پانی لے کر نکلیں۔