کالج اساتذہ و دیگر اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل ، وزیر تعلیم ڈیب میتھیوز کی ہڑتال ختم کرنے کی اپیل

قومی آواز ۔ اونٹاریو
Friday, October 20, 2017

اونٹاریو کے درجنوں کالجز کے بارہ ہزار سے زائد اساتذہ کی اپنے مطالبات کے حق میں جاری ہڑتال اب چوتھے روز میں داخل ہو گئی ہے اور اس ہڑتال سے متاثرہ ہزاروں طالبعلموں کے والدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے اس معاملے کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ تعلیمی نقصان سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب اونٹاریو کی پریمیر کیتھلین وائن کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہیںکہ متعلقہ ادارے اور ہڑتالی اساتذہ مل بیٹھ کر اپنے لئے کوئی قابل عمل حل نکالیں کیونکہ اس معاملے میں حکومت کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی قابل افسوس بات ہے کہ ہزاروں طالبعلموں کی تعلیم کا نقصان ہو رہا ہے اسے روکنے کی ضرورت ہے۔ وزیر ایڈوانسڈ ایجوکیشن اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ ڈیب میتھیوز نے ہڑتالی اساتذہ و دیگر سے اپیل کی ہے کہ وہ بات چیت کا عمل دوبارہ شروع کریں تاکہ کسی طرح کسی حل پر پہنچا جا سکے۔ انہوں نے طالبعلموں سے کہا کہ وہ فکر نہ کریں جیسے ہی ہڑتال ختم ہو گی ان کے تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔کالجز انتظامیہ اور فیکلٹی کے درمیان بات چیت کروانے والے جے پی ہارنک کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں اپنا رول پلے کرے اور دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے حکومت سے کالجز کو زیادہ فنڈز دینے کا بھی مطالبہ کیاتاکہ مالی دشواریوں سے نمٹا جا سکے ۔