کومے کی حالت میں خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا

لندن(قومی آواز– مانیٹرنگ ڈیسک)ایک حاملہ خاتون جو کار حادثے کے بعد کومے میں چلی گئی تھی، انھوں نے کومے کی حالت میں ایک صحت مند بچے کو جنم دیا ہے جبکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد خاتون کی طبیعت بہتر ہوئی ہے۔

چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ ویرونیکا توستا کےحمل کا پانچواں مہینہ تھا جب اکتوبر 2015ء میں ان کی کار ایک بھیانک حادثے کا شکار ہو گئی۔

حادثے کے نتیجے میں ان کے دماغ اور گردن پر شدید چوٹیں آئی تھیں اور وہ حادثے کے بعد سے کومے میں چلی گئی تھیں۔

خاتون چیک ری پبلک کے شہر بونو کے یونیورسٹی اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں تین ماہ تک ان کا نوزائیدہ بچہ ان کے پیٹ میں پرورش پاتا رہا ہے۔

ڈاکٹروں نے آپریشن سے پہلے بچے کے مناسب وزن کا ہونے کا انتظار کیا تھا اور جب خاتون کی زچگی کے آٹھ ماہ مکمل ہو گئے تو، ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا کہ اب بچے کی ولادت کرائی جا سکتی ہے۔

بچے کا نام ڈینئیل رکھا گیا ہے جس کا پیدائشی وزن چار پاونڈ اور ساڑھے پانچ اونس ہے۔

زچگی شعبے کے سربراہ ڈاکٹر ڈیگمر سیووا نے سنٹرل یورپین نیوز ایجنسی (سی ای این) کو بتایا کہ جب ہم نے دیکھا کہ ویرونیکا کی جسمانی حالت حمل کو مزید برقرار رکھنے کے قابل نہیں ہے تو ہم نے زچگی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد سے ماں کی حالت میں آہستہ آہستہ بہتری آ رہی ہے اور وہ اب آنکھیں کھولتی ہے۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ویرونیکا جلد صحت یاب ہو جائے گی لیکن فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گئی ہے لیکن ان کی حالت میں پہلے کے مقابلے میں کافی بہتری آئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ڈینئیل کی ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ روتا نہیں ہے اور اچھی طرح سے سوتا ہے اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے اسے سب کچھ معلوم ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈینئیل کو اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا ہے، جہاں اس کی آنٹی بچے کی نگہداشت کی ذمہ داری سنبھال رہی ہیں۔

ڈاکٹر ویرونیکا توستا کو بونو کے یونیورسٹی اسپتال سے پراگ کے ایک خصوصی کلینک میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جہاں ڈاکٹر ان کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد مزید علاج جاری رکھیں گے۔