کینیڈا میں افیون ،ماریوائنا اور دیگر ڈرگس کا جن بے قابو،سینکڑوں افراد نشے سے ہلاک

قومی آواز ۔
Saturday, October 14, 2017
کینیڈا میں نشے کی عادت کا جن بے قابو ہوتا نظر آ رہا ہے اور نشہ بہت تیزی سے مرو و زن کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے ۔ اس بات کا انکشاف ایک میڈیکل رپورٹ کیا گیا ہے جو ٹورنٹو سے جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں ڈرگس کی طلب بڑھ رہی ہے جسے پورا کرنے کے لئے جگہ جگہ نشہ فروخت کرنے کی دکانیں بھی قائم ہوتی جا رہی ہیں اور مزید افراد اس عادت بد میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ملک میں نشہ آور اشیاءکی فروخت پر بظاہر قانونی پابندی عائد ہے مگر ڈرگس ہر جگہ باٰسانی دستیاب ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق نشے کی لت اور زائد مقدار میں استعمال کرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ برٹش کولمبیا میں صورتحا ل بہت ہی خراب بتائی جا رہی ہے جہاں اس سال جنوری سے اب تک نشے کی زائد مقدار استعمال کرنے سے 1013لوگوں کی موت ہو گئی ہے ۔ٹورنٹو کے مئیر جان ٹوری نے کہا ہے کہ ڈرگس کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے جس پر جلد ہی عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔