کینیڈا کا 2018کے لئے امیگریشن بل تیار ،تین لاکھ لوگوں کو کینیڈا کی شہریت دی جائے گی

Monday, October 30, 2017
قومی آواز ۔ ٹورنٹو

لبرل حکومت کی طرف سے کینیڈا میں 2018کے لئے امیگریشن پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے مطابق اگلے سال کینیڈا میں تین لاکھ لوگوں کو آنے کی اجاز ت دی جائے گی۔ پالیسی کا اعلان وزیر برائے تارکین وطن احمد حسین نے کیا۔ اس پالیسی کی منظوری کے بعد کینیڈا میں تجزیہ کاروں میں بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ یہ تعداد بہت زہادہ ہے اور کینیڈا میں جہاں پہلے ہی رہائشی مسائل چل رہے ہیں اتنے لوگوں کے آنے سے مزید رہائشی اور معاشی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اتنے زیادہ لوگوں کو روزگار دینے میں بہت سی مشکلات درپیش آ سکتی ہیں جس کی وجہ سے کینیڈا کی مقامی آبادی میں اس پالیسی کے خلاف جذبات پروان چڑھ سکتے ہیں۔ احمد حسین نے کہا کہ کینیڈا ہر سال تین لاکھ تارکین وطن کو اپنے اندر سمونے کے لئے تیار ہے جس کے لئے تیاریاں کر لی گی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی اور اقتصادی میدان میں تارکین کے لئے بہت سے مواقع موجود ہیں جہاں ان کو کھپایا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کو مقامی آبادی میں مکس کرنے میں مشکلات درپیش آ ئیں گی جن کے لئے پہلے سے ہی تیاری کر لی جائے تو بہتر ہے ورنہ حالات خراب ہو سکتے ہیں۔