کینیڈین شہریت کے حصول کے لئے نرم قوانین کے بعد ریکارڈ تعداد میں درخواستیں جمع ، محکمہ امیگریشن

Thursday, December 28, 2017
قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔
محکمہ امیگریشن نے اپنے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ کینیڈین شہریت کے حصول میں نرم قوانین کے بعدشہریت کے لئے دنیا بھر سے ریکارڈ تعداد میں درخواستیں فائل کی گئی ہیں۔ ان قوانین میں زبان اور مقامی رہائشی قوانین میں نرمی شامل تھی۔ اعلامیے کے مطابق معمول کے تحت ایک ہفتے میں چار ہزار کے لگ بھگ درخواستیں ہی فائل کی جاتی ہیں قوانین میں نرمی کے بعد سترہ ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ لبرل حکومت نے ہر سال تین لاکھ سے زائد درخواستوں پر غور کا وعدہ کیا تھا مگر درخواستیں دینے کی جو رفتار ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تعداد سال میں چھ لاکھ سے بھی تجاوز کر جائے گی۔ نرم قوانین کے بعد دیکھنا ہو گا کہ ان درخواستوں پر کیسے غور کیا جائے گا۔ کینیڈا میں تیز رفتار ترقی کے سبب افرادی قوت کی کمی محسوس کی جاتی ہے جس کو پورا کرنے کے لئے حکومت بیرون ملک سے افرادی قوت کو کینیڈا آنے کے لئے سہولتیں فراہم کرتی ہے ان سہولتوں میں اضافے کے سبب کینیڈا آنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے او ر لگتا ہے کہ لبرل حکومت نئے آنے والوں کی بڑی تعداد کو خوش آمدید کہنے کا ارادہ رکھتی ہے۔