قصور: مبینہ زیادتی کے بعد بچی کا قتل، پرتشدد احتجاج کے دوران 2 افراد جاں بحق

Wednesday, January 10, 2018

قومی آواز قصور
پنجاب کے شہر قصور میں مبینہ زیادتی کے بعد 8 سالہ بچی کے قتل کے واقعے پر پورا شہر سراپا احتجاج ہے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بچی کی نماز جنازہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے پڑھائی—۔جیو نیوز اسکرین گریب
بچی کی نماز جنازہ پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پڑھائی، جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ‘ننھی زینب کا قتل انسانیت کی تذلیل ہے’۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ‘چار دن گزر گئے لیکن قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاسکا، حکومت لوگوں کے جان و مال کی حفاظت میں ناکام ہو گئی ہے اور اسے اب اقتدار کا کوئی حق نہیں ہے’۔

8 سالہ زینب کا قتل
پولیس کے مطابق قصور کے علاقے روڈ کوٹ کی رہائشی 8 سالہ بچی زینب 5 جنوری کو ٹیوشن جاتے ہوئے اغواء ہوئی اور 4 دن بعد اس کی لاش کشمیر چوک کے قریب واقع ایک کچرہ کنڈی سے برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا، جس کی تصدیق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہوئی۔

مبینہ ملزم کا خاکہ جاری
پولیس کی جانب سے کمسن زینب کے اغواء، زیادتی اور قتل میں ملوث مبینہ ملزم کا خاکہ جاری کردیا گیا۔

پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا مبینہ ملزم کا خاکہ—۔اسکرین گریب
اس سے قبل ڈی پی او قصور ذوالفقار احمد نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ شہر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تفتیش جاری ہے جبکہ بچی کے لواحقین نے بھی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی ہے۔

ڈی پی او کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو ملزم کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ بچی کے والدین عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ‘مجموعی طور پر زیادتی کے بعد قتل ہونے والی یہ آٹھویں بچی ہے اور زیادتی کا شکار بچیوں کے ڈی این اے سے ایک ہی نمونہ ملا ہے’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘قصور کے واقعات پر 5 ہزار سے زائد افراد سے تفتیش کی گئی ہے جبکہ 67 افراد کا میڈیکل چیک اپ کروایا جاچکا ہے’۔

پولیس کی غفلت کا تاثر درست نہیں: آر پی او شیخوپورہ رینج
آر پی او شیخوپورہ رینج ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بچی کی موت زیادتی کے بعد گلا دبانے کے نتیجے میں ہوئی اور اس واقعے پر ہر کوئی سوگوار ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو ملزم کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا—۔اسکرین گریب
آر پی او نے اس تاثر کو رد کردیا کہ پولیس نے واقعے کے بعد تفتیش میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بچی کے اہلخانہ نے سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی اور اہل محلہ نے بھی معاونت کی، لیکن پولیس کی غفلت کا تاثر درست نہیں۔

آر پی او کے مطابق علاقے میں نصب درجنوں سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لینا ایک مشکل کام ہے، لیکن پولیس نے کافی دور تک جاکر سرچ کیا، فوٹیجز دیکھیں اور پھر اس میں سے متعلقہ فوٹیج نکالی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سیکیورٹی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔

آر پی او کے مطابق ڈی این اے کے 96 نمونے ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے، جن میں سے 5 کیسز ایسے ہیں جہاں ہمیں شک ہے کہ ڈی این اے ایک جیسا ہے۔

واقعے پر لوگوں کا احتجاج
بچی کے قتل کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی اور لوگ احتجاج کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔

واقعےکی خبرملتے ہی لوگوں نےاحتجاج کرتے ہوئےسڑکیں بلاک کردیں—۔جیو نیوز اسکرین گریب
لوگوں نے سڑکیں بلاک کردیں اور مارکیٹیں بھی بند کردی گئیں۔

جگہ جگہ پولیس کے خلاف مظاہرے بھی کیے گئے اور فیروز پور روڈ پر مظاہرین نے پولیس کو دھکے بھی دیئے۔

بعدازاں مشتعل احتجاجی مظاہرین قصور میں فیروز پور روڈ پر ڈی سی آفس کا گیٹ توڑ کر اندر گھس گئے، مشتعل مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پتھراؤ کیا اور پولیس موبائلوں کے شیشے توڑ دیئے۔

مظاہرین گیٹ توڑ کر ڈی سی آفس میں گھس گئے—.جیو نیوز اسکرین گریب
حالات کشیدہ ہونے پر پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 2 افراد بعدازاں دم توڑ گئے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ قصور میں ایک سال کے دوران 11 کمسن بچیوں کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا، لیکن پولیس ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔

واضح رہے کہ بچی کی لاش جس جگہ سے ملی، یہ وہی مقام ہے جہاں اس سے قبل بھی ریپ کا شکار ہونے والے بچوں کی لاشیں مل چکی ہیں۔

ایک ماہ قبل ایک 5 سالہ بچی بھی یہاں سے نیم مردہ حالت میں ملی تھی، جو اس وقت چلڈرن ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ بچی کو بھاری مقدار میں نشہ آور ادویات دی گئی تھیں۔

اس سے قبل 2015 میں بھی قصور میں بچوں کے ساتھ بدفعلی اور زیادتی کے بعد ان کی ویڈیوز بنانے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا نوٹس
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے قصور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس نے سیشن جج قصور اور پولیس سے واقعے کی فوری طور پر رپورٹ بھی طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قصور میں مبینہ زیادتی کے بعد بچی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی۔

شہبازشریف نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قاتل قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مقتول بچی کے لواحقین سے بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیس پر پیش رفت کی وہ ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔

مذمتی بیانات
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے قصور میں زیادتی کےبعد بچی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ‘بیٹیوں کی بے حرمتی کرنے والے درندوں کو فوری سزا دی جائے’۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ‘ایسے درندوں کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسے گھناؤنے عمل کی ہمت نہ ہوسکے’۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو نہ صرف انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے بلکہ قرار واقعی سزا دی جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی قصور میں بچی سے زیادتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قصور میں بچی سے زیادتی کا واقعہ شریف حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ملزمان کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔