نازیہ کے گیت آج بھی کانوں میں رس گھول رہے ہیں

April 04, 2017
قومی آواز کراچی : معروف پوپ گلو کارہ نازیہ حسن کے چاہنے والے آج ان کی 52ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ان کے گائے گیت آج بھی کانوں میں رس گھول رہے ہیں۔

عالمی شہرت حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی پاپ سنگر نازیہ حسن 3اپریل 1965ءکوکراچی میں پیدا ہوئیں ۔

نازیہ حسن نے 1980ءمیں صرف 15سال کی عمر میں پاپ گلوکارہ کی حیثیت سے پی ٹی وی سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا ۔

انہوں نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر بہت سے خوبصورت صدا بہار فلمی گیت گائے، جن میں بھارتی اداکار فیروز خان کی فلم قربانی کا گیت ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘ نازیہ حسن کو شہرت کی بلندیوں پر لے گیا ۔

اس کے بعد انہوں نے درجنوں مقبول نغمے بھی گائے، جن سے نازیہ حسن کو دنیا بھر میں پہچان ملی۔ انہوں نے متعدد کمرشلز میں بھی کام کیا ۔

نازیہ حسن 1999ءمیں کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہو گئیں تھیں۔ انہیں علاج کیلئے لندن منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں اور 13اگست 2000ءکو خالق حقیقی سے جاملیں۔