Thursday, December 28, 2017 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر سابق صدر پرویز مشرف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گن بھی نہیں سکتا کہ مشرف کتنے کیسز میں قاتل ہے۔ سکھر پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے صحافی دنیا بھر میں سب سے بہادر ہیں، اگر صحافی ہمارے ساتھ نہیں ہوتے تو ہم ضیا اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ نہیں کر سکتے تھے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف نظر آتے ہیں لیکن نظریاتی نہیں ہیں، میاں صاحب نہ کل نظریاتی تھے اور نہ آج نظریاتی ہیں۔
’بینظیر کا قاتل میں نہیں، رحمان ملک سے پوچھا جائے قافلے کو کیوں روکا‘ عام انتخابات کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بھی اس قسم کی افواہیں گردش کرتی تھیں کہ انتخابات وقت پر نہیں ہوں گے لیکن الیکشن وقت پر ہوں گے، اور ایک نئی حکومت آئے گی۔ پیپلز پارٹی کی طاہر القادری کے اتحاد کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے کے معاملے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور شہیدوں کے ساتھ ہیں۔ لاڈلے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ دونوں لاڈلے ہیں اور لاڈلوں کے درمیان لڑائی ہو رہی ہے، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے لیے کام کر رہی ہے۔ عمران خان کی سندھ میں پیپلز پارٹی پر تنقید کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا حق ہے کہ وہ جہاں چاہیں جائیں لیکن پتہ نہیں سندھ میں آکر انہیں کیا ہو جاتا ہے، شاید جلسوں میں خالی کرسیوں سے تقریریں کرتے ہوئے عمران خان کا لہجہ زیادہ سخت ہو جاتا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم (ن) لیگ کے خلاف الیکشن لڑنے جا رہے ہیں اور اس وقت کوئی بھی نواز شریف پر اعتماد نہیں کر سکتا۔
بینظیر کو جمہوریت کے دفاع اور آمریت سے لڑنے کی سزا دی گئی، بلاول بھٹو پرویز مشرف کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں گن ہی نہیں سکتا کہ مشرف کتنے کیسز میں قاتل ہے، کراچی سانحے، اکبر بگٹی اور بی بی کے سانحے میں مشرف ہی قاتل ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پرویز مشرف بھگوڑا، آمر، قاتل اور بزدل انسان ہیں، اگر وہ بہادر ہیں تو پاکستان آکر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرے، اتنا بزدل آدمی میں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز بینظیر کی برسی کے موقع پر قاتل قاتل مشرف قاتل کے نعرے لگوائے تھے، جس پر ردعمل دیتے ہوئے سابق صدر نے کہا تھا کہ بلاول میرے خلاف جلسوں میں نعرے لگواتا ہے، وہ پہلے مرد تو بن جائے۔
قومی آواز ۔ سکھر ۔