مورخہ March 20, 2017 وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے پاکستان ۔افغانستان سرحد کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ باوجود اس کے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے افغان سر زمین پر موجود پاکستان دشمن عناصر سے جا ملتے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رابطے اور تعلق کے پیش نظر، سرحدوں کا زیادہ دیر تک بند رہنا عوامی اور معاشی مفادات کے منافی ہے چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ خیرسگالی کے جذبے کے تحت یہ سرحدیں فوری کھول دی جائیں ۔ وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں جن وجوہات کی بنا پر یہ قدم اٹھایا گیا تھا، اس کے تدارک کے لیے افغانستان حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہم نے بارہااس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے افغانستان میں دیرپا امن ناگزیر ہے اور ہم دونوں ممالک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے افغان حکومت سے تعاون کی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھیں گے۔
(قومی آواز ۔ (اسلام آباد