پاکستانی وفد کی امریکا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت فروری 16, 2017 قومی آواز- واشنگٹن . پاکستانی وفد نے امریکا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کی، وفد کے ارکان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استور کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان میں زرعی شعبے کی ترقی کے لیے برساتی پانی ذخیرہ کرنا ہوگا، بلوچستان میں زیر زمین پانی 800 فٹ نیچے چلا گیا ہے ۔ امریکی سفارتخانے کے اقتصادی امور کے قونصلر جوئیل رابرٹ کی قیادت میں پاکستان کے اعلیٰ سرکاری حکام، تاجر، کسانوں اور زرعی ماہرین کے وفد نے امریکا کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش انٹرنیشنل پروڈکشن اینڈ پروسیسنگ ایکسپو میں شرکت کی۔ دورے کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور زراعت کے شعبے میں تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔ ڈی جی زراعت بلوچستان مسعود احمد کا کہنا ہے کہ وفد نے امریکا میں زراعت اور پولٹری کے شعبوں کا جائزہ لیا ۔ مسعود احمد نے یہ بھی بتایا کہ بلوچستان میں زیر زمین پانی بہت نیچے چلا گیا ہے، ہمیں زرعی شعبے کی بہتری کے لیے امریکا کی طرح جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا۔ پاکستانی وفد کو امریکی ماہرین نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈرپ اری گیشن سسٹم کو اپنا کر پاکستان زرعی شعبے میں ترقی کرسکتا ہے۔