قومی آواز ۔
لاہور خواتین چاہے رشک کریں یا حسد مگر یہ حقیقت ہے کہ وہ بااعتمادخواتین سے متاثر ضرور ہوتی ہیں اور ان جیسا بننے کی کوشش بھی کرتی ہیں۔ درحقیقت ان خواتین کی موجودگی میں دیگر خواتین اعتماد کھونے لگتی ہیں اور عدم تحفظ کا شکار ہوتی ہیں ۔ پراعتماد بننے میں کوئی ہرج نہیں ہے، درحقیقت ایسی خواتین مردوں کو بھی اپنے لئے خطرہ محسوس ہوتی ہیں تاہم یہ خواتین دیگر کی نسبت زیادہ کامیاب رہتی ہیں۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ بھی پراعتماد دکھائی دیں تو ان خواتین کی یہ دس عادات اپنے اندر پیدا کرنے کی کوشش کریں۔
دوسروں سے موازنہ چھوڑ دیں، کوئی خوبصورت چہرہ دیکھ کے کہ خود کو بدصورت یا کم شکل صورت کا مالک مت سمجھیں۔ یاد رکھیں کہ زندگی مقابلہ حسن ہرگز نہیں ، جہاں آپ کو ہر صورت دوسری حسیناؤں سے بڑھ کے حسین نظر آنا چاہئے۔ حسن، ذہانت کی بھی دلیل نہیں۔ اس نکتے کو ہمیشہ ذہن میں رکھیں۔
پراعتماد خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ خوشی دوسروں کے مرہون منت حاصل نہیں کی جاسکتی ہیں۔ یہ اپنی خوشیوں کیلئے دوسروں کی محتاجی اختیار نہیں کرتی ہیں بلکہ اپنی خوشیاں خود تلاش کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
باتونی ہونا اعتماد کی نشانی ہرگز نہیں۔ کچھ خواتین کا خیال ہوتا ہے کہ مرکز نگاہ بنے رہنا ہی اعتماد کی نشانی ہے۔ اپنی شخصیت پر یہ اعتماد ہونا چاہئے کہ کسی دوسرے کے مرکز نگاہ بننے سے آپ کی شخصیت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، اس لئے دوسروں کو موقع دیں ۔
یہ خواتین اندھادھند دوسروں کی تقلید نہیں کرتی ہیں۔ فیشن، سمیت دنیا کے دیگر معاملات میں پراعتماد خواتین وہ کرتی ہیں، جو انہیں اپنی شخصیت کی مناسبت سے درست معلوم ہوتا ہے۔ محض دوسروں کی نقالی آپ کو اعتماد نہیں دیتی بلکہ بعض اوقات کوا چلا ہنس کی چال، اپنی چال بھی بھول گیا والا معاملہ بھی کر ڈالتی ہے۔
اپنی شخصیت میں اعتماد لانے کی ایک نشانی اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا بھی ہے۔ دوسروں کو الزام دینا دراصل اپنے اندر کی کمزوری کی نشانی ہوتی ہے۔ پراعتماد خواتین نہ صرف اپنی غلطی کو مانتی ہیں بلکہ وہ اس پر معافی مانگنے میں بھی نہیں ہچکچاتی ہیں۔
ایسی خواتین فیشن اور حسن کو نکھارنے کے معاملے میں ہر وقت خود کو ہلکان نہیں کرتی ہیں کیونکہ اس کی وجہ ان کے اندر اس نظریئے کی پختگی ہے کہ بیرونی حسن کو زوال ہے تاہم شخصیت کے اصل حسن یعنی کہ اندرونی حسن کو کوئی زوال نہیں، اس لئے یہ آئینے کے سامنے زیادہ دیر گزارنے کے بجائے اپنی شخصیت پر زیادہ توجہ دیتی ہیں۔
یہ دوسروں کی کامیابی کو اپنے لئے خطرہ ہرگز نہیں سمجھتی ہیں بلکہ دوسروں کی خوشی میں خوش ہوتی ہیں اور ان کی خوشیوں کا جشن مناتی ہیں۔
ایسی خواتین ہر جملے کو اپنے دل پر نہیں لیتیں۔ یہ صورتحال کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت کے سبب لوگوں کے غیر ضروری منہ نہیں لگتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان پر کئے جانے والے عمومی طنز بھی نظر انداز کردیتی ہیں کیونکہ وہ اس حقیقت کو جان چکی ہوتی ہیں کہ دوسروں کے کچھ کہنے سے ان کا کوئی نقصان نہیں ہوسکتا ہے۔
ایسی خواتین ، روایتی خواتین کی طرح پیٹھ پیچھے دوسروں کی عیب جوئی بھی نہیں کرتی ہیں، ایسا کرنے والی خواتین دراصل اندرونی خوف میں مبتلا ہوتی ہیں اور یہ عادت اسی کا اظہار ہے، اس کے علاوہ یہ دوسروں کی خوشنودی کیلئے اپنے مقام سے ہرگز نہیں گرتی ہیں۔