قومی آواز ڈی آئی خان خیبر پختون خوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مٹ میں لڑکے کی گاؤں کی لڑکی سے دوستی کی سزا اس کی بہن کو ملی۔ 27 اکتوبر کو مخالفین نے پانی بھر کر گھر جانے والی 16 سالہ لڑکی کو بھرے بازار میں بے لباس کیا اور برہنہ حالت میں گلیوں اور بازاروں میں گھمایا۔ اس موقع پر لڑکی ایک گھنٹے تک مدد کو پکارتی رہی لیکن اس کی مدد کو کوئی بھی آگے نہیں بڑھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈر اور خوف کے باعث کوئی بھی لڑکی کی مدد کے لیے آگے نہیں بڑھا۔ پولیس کے مطابق تین سال قبل متاثرہ لڑکی کے بھائی سجاد کی گاؤں کی ایک لڑکی سے میل جول اور تعلقات تھے جس پر پنچایت نے ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ کی ادائیگی پر معاملہ رفع دفع کردیا تھا۔ مگر مخالفین کے بدلے کی آگ ٹھنڈی نہیں ہوئی تھی اور انہوں نے معصوم لڑکی کی عزت تار تار کردی۔ نمائندہ جیو نیوز کا کہنا ہے کہ بچی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ایف آئی آر میں نامزد 9 ملزمان میں سے 8 کو گرفتار کرلیا ہے تاہم مرکزی ملزم سجاول مفرور ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی خان میں لڑکی کی بے حرمتی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی۔ Photo Courtesy :Urdu Point
Wednesday, November 1, 2017
ڈی آئی خان میں 16 سالہ لڑکی کو برہنہ کرکے بازار میں گھمانے کا واقعہ