اسلام آباد دھرنے سے متعلق سوالات پر کیپٹن (ر) صفدر کے دلچسپ جواب

قومی آواز ۔ اسلام آباد
Tuesday, November 28, 2017
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے اسلام آباد دھرنے سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر دلچسپ جواب دیئے اور دھرنے کو عاشقوں کی محفل قرار دیدیا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں کیپٹن (ر) صفدر نے اسلام آباد دھرنے پر کہا کہ دھرنا کیا، محفل تھی عاشقوں کی، دھرنا وہ ہوتا ہے جہاں لوگ گا بجارہے ہوں، جہاں درودوسلام پڑھے جائیں اسے محفل میلاد کہتے ہیں۔

صحافی کے سوال پر کہ میلاد میں جنرل صاحب کے دستخطوں کی ضرورت کیا پڑی؟ محمد صفدر نے جواب دیا کہ ’یہ آپ مجھ سے نہ پوچھیں، جنرل مشرف کے دستخطوں کی یہاں ضرورت پڑی، جنرل یحییٰ اور جنرل ایوب کے دستخطوں کی ضرورت پڑی‘۔

کیپٹن صفدر نے کہا کہ ایک میجرجنرل کی دستخط کوآپ نے نہیں دیکھا، ایل ایف او ہوا،کیا کچھ ہوا،کوئی جرنیلوں کی بات نہ کرے۔ صحافی نے سوال کیا کہ جنرل مشرف والے حالات ہیں کیا؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ آپ بچے ہیں؟آپ کوسمجھ نہیں آرہی جو میں کہہ رہا ہوں۔

صحافی نے سوال کیا کہ دھرنے میں نذرانہ بھی توبانٹا گیا؟ کیپٹن صفدر نے کہا کہ محفل کے آخر میں نذرانہ ہوتا ہے۔ ایک صحافی نے کہا کہ محفل عسکری فرشتوں نے سجائی تھی؟ جس پر کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ ’میں تواللہ کے فرشتوں پر ایمان لایا ہوں میں ان فرشتوں کونہیں مانتا’۔