اسٹوروں کے چینج رومز میں نگراں کیمروں کی موجودگی کا انکشاف، شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔
Monday, December 5, 2017

ایک ایسے وقت میں جب پوری قوم کرسمس کی خوشیوںمیں حصہ لے رہی ہے اور لوگوں کا زیادہ تر وقت شاپنگ مالز اور اسٹوروں میں خریداری میں خرچ ہو رہا ہے ایک خاتون کو اس وقت سخت کوفت اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کو پتہ چلا کہ وہ جس چنیج روم میں لباس تبدیل کرنے گئی تھیں اس میں ایک نگراں کیمرا بھی موجود تھا جو اس ساری کاروائی کی فلمبندی کر تا رہا ۔ اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب مذکورہ خاتون یارک ڈیل کے علاقے میں ایک شاپنگ اسٹور میں لباس کی خریداری کے لئے گئیں۔ کرسٹل جورڈن نامی خاتون کی والدہ بھی اس موقع پر ان کے ساتھ تھیں جنہوں نے دیکھا کہ جس چینج روم میں کرسٹل گئی ہیں اس کے اوپر ایک نگراں کیمرا نصب ہے جس پر انہوں نے شور مچا دیا اور کرسٹل کو اس سے آگا ہ کیا کہ ان کے چینج روم کے اوپر ایک نگراں کیمراموجود ہے ۔ یہ اطلاع کرسٹل کے لئے انتہائی شرمندگی کا باعث تھی کہ لباس کی تبدیلی کے دوران انہیں کوئی دیکھ رہا ہو۔ کرسٹل جورڈن نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر آپ کے پرسنل حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔میڈیا میں رپورٹ ہونے کے باوجود ملوث اسٹور نے ابھی تک اس بارے میں اپنا موقف نہیں دیا ہے ۔اس واقعے سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے اس بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔