خاشقجی کا بیٹا گھر والوں کے ساتھ سعودی عرب سے امریکا روانہ

جمعرات25 اکتوبر 2018
قومی آواز:ریاض

شہزادہ محمد بن سلمان نے جمال خاشقجی کے قتل پر ان کے بیٹے صلاح خاشقجی سے تعزیت بھی کی تھی۔
مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کا بیٹا گھر والوں کے ساتھ سعودی عرب سے امریکا روانہ ہوگیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے جمال خاشقجی کے خاندانی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صلاح خاشقجی بدھ کو سعودی عرب سے روانہ ہوا۔

خاندانی ذرائع نے یہ تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ صلاح خاشقجی سعودی عرب سے کہاں گئے ہیں۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کا بیٹا اہلخانہ سمیت سعودی عرب سے واشنگٹن روانہ ہو گیا، صلاح خاشقجی سفری پابندی ختم ہونے کے بعد امریکا روانہ ہوئے۔

جمال خاشقجی کے قتل نے پوری دنیا کو کرب میں مبتلا کر دیا ہے، سعودی ولی عہد

رپورٹ کے مطابق صلاح خاشقجی کے پاس امریکا اور سعودی عرب کی دہری شہریت ہے۔

چند روز قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ جمال خاشقجی کے سعودی عرب چھوڑنے کے بعد سے ان کے بیٹے صلاح خاشقجی پر سفری پابندیاں عائد تھیں۔

خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصلیٹ سے لاپتہ ہوئے تھے اور پھر سعودی حکام نے 20 اکتوبر کو جمال خاشقجی کے قتل کی تصدیق کی تھی۔