دھماکے کیخلاف پارا چنار میں شہریوں کا میتیں رکھ کر دھرنا

March 31, 2017
قومی آواز ۔ کرم ایجنسی۔ کرم ایجنسی میں دھماکے کے خلاف صدر مقام پاراچنار میں شہریوں نے شہداء کی میتیں رکھ کردھرنا دے دیا، ملتان، مظفرآباد میں بھی احتجاج کیا گیا ۔

پاراچنار میں امام بارگاہ کے باہر ہونے والے دھماکے کےخلاف شہریوں نے شہداء کی لاشیں اٹھاکر شہید پارک میں دھرنا دیا اور ملوث افراد کےخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ملتان اور ٹنڈو محمد خان میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مظاہرے کیے گئے جبکہ شیعہ علما کونسل پاکستان کی جانب سے دھماکے کی مذمت کی گئی، مظفرآباد میں امامیہ اسٹوٹنس آرگنائزیشن نے آزادی چوک پر حتجاج کیا۔

اُدھر سابق سینیٹر علامہ عابد الحسینی نے دعویٰ کیا ہے کہ پارا چنار میں مظاہرے کے دوران ایف سی کی فائرنگ سے 3افراد جاں بحق اور 9زخمی ہوگئے، جبکہ کمانڈنٹ کرم ملیشیا کرنل عمر ملک کا کہنا ہے کہ ایف سی اہل کاروں نے صرف ہوائی فائرنگ کی تھی جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔