سعودی صحافی کی گمشدگی: امریکا کا سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

جمعہ19 اکتوبر 2018
قومی آواز: سوشل میڈیا
سعودی صحافی کے قتل کے معاملے پر سعودی عرب پر شدید دباؤ ہے۔
امریکا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن میوچن نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ میں سعودی عرب میں آئندہ ہفتے ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہیں کروں گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق آئی ایم ایف چیف اور فرانسیسی وزیر بھی سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

یہ خبریں آپ قومی آواز ٹورنٹو پر پڑھ رہے ہیں۔

سعودی عرب نے صحافی کے قتل کے اعتراف کی تیاری کرلی: امریکی میڈیا کا دعویٰ

خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو اپنی طلاق کے کاغذات کی تصدیق کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے لیکن اس کے بعد لاپتہ ہو گئے۔

ترک پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سعودی صحافی کو قتل کر دیا گیا ہے جب کہ سعودی حکام اس سے مسلسل انکاری ہیں۔

سعودی صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے سعودی حکومت پر شدید دباؤ ہے اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی کہا تھا کہ اگر سعودی عرب اس واقعے میں ملوث نہیں تو صحافی کی قونصل خانے سے باہر نکلنے کی ویڈیو جاری کی جائے۔

توقع ہے شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد کو صحافی کی گمشدگی کا علم نہیں ہوگا، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر سعودی عرب صحافی کے قتل میں ملوث ہے تو اس کے لیے سزا ناگزیر ہو گی۔

امریکا اور برطانیہ نے اس بات کا عندیہ بھی دیا تھا کہ اگر سعودی عرب نے صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے وضاحت نہ دی تو وہ سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں