سینیٹ الیکشن: ایم کیو ایم کے دھڑوں میں معاملات طے پا گئے

قومی آواز ۔ اسلام آباد

Friday, March 2, 2018

سینیٹ الیکشن: ایم کیو ایم کے دھڑوں میں معاملات طے پا گئے
اسلام آباد میں خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوا یم کے سینئر رہنماؤں کے درمیان کچھ عرصے سے عجیب صورت حال بنی ہوئی ہے لیکن اس دوراں مصالحت اور بات چیت کا سلسلسہ بھی چلتا رہا اور اسی بات چیت کے نتیجے میں سینیٹ کے الیکشن کے معاملے پر امیدواروں کے لیے اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی نشستوں کے لیے 5 ناموں پر اتفاق رائے طے پا گیا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے جنرل نشست پر بیرسٹر فروغ نسیم اور کامران ٹیسوری ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے جبکہ ٹیکنو کریٹ کی نشست کے لیے عبدالقادرخانزادہ، خواتین کی نشست کے لیے نگہت شکیل اور اقلیتی نشست کے لیے سنجے پروانی کےناموں پراتفاق ہو گیا ہے۔

سینیٹ الیکشن: فاروق ستار کا ٹیکنوکریٹ نشست پر مشاہد حسین سید کی حمایت کا اعلان

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایم کیو ایم پاکستان کا ووٹ بینک تقسیم ہو اور ہماری کوشش ہے کہ ہم جڑ کر رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم اگلے مرحلے میں رابطہ کمیٹی کا معاملہ بھی طے کر لیں گے۔

اختلاف کیا تھا…..گزشتہ سے پیوستہ
خالد مقبول صدیقی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمارا اصولی مؤقف ہے کہ ہماری جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے جنرل نشست پر بیرسٹر فروغ نسیم جبکہ فاروق ستار کے امیدوار کامران ٹیسوری ہوں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان (بہادرآباد) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ بات چیت کا آغاز ہو گیا ہے اور دیگر معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے۔

خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان اختلافات پید ا ہو گئے تھے۔

ان اختلافات کے باعث پہلے فاروق ستار نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو معطل کیا جب کہ رابطہ کمیٹی نے بھی فاروق ستار کو کنوینر شپ سے ہٹا کر خالد مقبول صدیقی کو نیا پارٹی کنوینر نامزد کردیا۔

اس دوران ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں نے سینیٹ کے لیے اپنے علیحدہ علیحدہ امیدواروں کا اعلان بھی کیا اور فاروق ستار نے پی آئی بی میں پارٹی الیکشن کروا کر خود کو پارٹی چیئرمین منتخب کروا لیا۔ٍ


متعلقہ خبریں