سی این این کا اپنے صحافی کا اجازت نامہ ختم کرنے پر ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف مقدمہ

واشنگٹن14 نومبر ، 2018
قومی آواز: واشنگٹن

مقدمہ کرنا سی این این کی طرف سے ایک اور تماشا کرنا ہے لیکن ہم پُر زور طریقے سے اپنا دفاع کریں گے، وائٹ ہاؤس — فوٹو:فائل
امریکی چینل سی این این نے اپنے صحافی کا اجازت نامہ ختم کرنے پر ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف مقدمہ کردیا۔

امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق صحافی کی دستاویزات معطل کرنا آزادی صحافت کے قانون کی خلاف ورزی ہے لہٰذا عدالت سے درخواست کی ہےکہ وائٹ ہاؤس انتظامیہ کے فیصلے کو ختم کیا جائے۔

سی این این انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عدالت سے جم اکوسٹا کا وائٹ ہاؤس کی کوریج کا اجازت نامہ واپس دلانے کی اپیل کی ہے۔

پناہ گزینوں، روسی مداخلت سے متعلق سوالات پرٹرمپ چراغ پا، رپورٹر کامائیک چھیننے کا حکم

دوسری جانب سی این این کے مقدمے پر وائٹ ہاؤس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں سی این این کے کیس سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس انتظامیہ کے مطابق مقدمہ کرنا سی این این کی طرف سے ایک اور تماشا کرنا ہے لیکن ہم پُر زور طریقے سے اپنا دفاع کریں گے۔

یاد رہے کہ امریکی مڈٹرم انتخابات کے نتائج پر وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے رپورٹر جم اکوسٹا پر چڑھ دوڑے تھے اور انہیں ‘بدتمیز اور خوفناک انسان’ قرار دیتے ہوئے عملے کو ان کا مائیک چھین لینے کا حکم دیا تھا۔

بعدازاں وائٹ ہاؤس نے مذکورہ صحافی کا پریس پاس بھی معطل کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں