شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کردیا

قومی آواز پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے پہلی مرتبہ ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ملک کے سرکاری ٹی وی پر یہ اعلان ماضی میں جوہری تجربات کے لیے استعمال ہونے والی جگہ کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے چند گھنٹے بعد کیا گیا۔ جاپان، چین اور جنوبی کوریا کے حکام نے زلزلے کے بعد کہا تھا کہ ایسے اشارے ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ پنجی ری کے قریب آنے والا یہ زلزلہ قدرتی نہیں تھا۔ اس سے قبل ایک امریکی تھنک ٹینک نے کہا تھا کہ مصنوعی سیارے سے حاصل ہونے والی تازہ تصاویر کے مطابق شمالی کوریا اپنے جوہری تجربات کی جگہ پر ایک نئی سرنگ تعمیر کر رہا ہے۔ تاہم اس وقت رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہاں جوہری تجربہ کرنے کی کوئی علامات نظر نہیں آئی ہیں۔ عالمی برادری کو شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر شدید تحفظات رہے ہیں اور اس پروگرام کی سبب شمالی کوریا پر پابندیاں بھی عائد ہیں۔


متعلقہ خبریں