عوامی تحریک کے احتجاج کیلئے لاہور کے مال روڈ پر اسٹیج کی تیاری

Sunday, January 16, 2018

قومی آواز لاہور
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج کی تیاریاں جاری ہیں جس کے سلسلے میں لاہور کے مال روڈ پر اسٹیج لگایا جائے گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کی حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں پنجاب اسمبلی کے سامنے کنٹینر پر اسٹیج تیار کیا جارہا ہے جس کے لئے مال روڈ پر کنٹینرز، کرین، کرسیاں، لائٹیں، جرنیٹر اور دیگر سامان منگوا لیا گیا ہے۔

احتجاجی جلسے کے لئے مال روڈ کے دونوں اطراف لائٹس کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جب کہ احتجاج کی تیاریوں کے باعث مال روڈ سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔

شاہراہ فاطمہ جناح،کچہری روڈ، ہال روڈ، کوپر روڈ، بوڑھ والا چوک اور ایجرٹن روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

طاہرالقادری کا 17 جنوری سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

خیال رہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 8 جنوری کو آل پارٹیز کانفرنس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس بعد پریس کانفرنس کے دوران 17 جنوری سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ سے استعفے مانگیں گے نہیں بلکہ لیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، پاک سرزمین پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

طاہرالقادری نے آصف زرداری کی دعوت قبول کرلی

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری نے آصف زرداری کی دعوت قبول کرلی اور وہ آج بلاول ہاؤس لاہور جائیں گے اور دونوں رہنما کل کے احتجاج پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔