لاہوردھماکا حادثہ تھا، بارودی مواد کا ثبوت نہیں ملا، رانا ثناء

February 24, 2017
لاہوردھماکا حادثہ تھا، بارودی مواد کا ثبوت نہیں ملا، رانا ثناء
قومی آواز لاہور۔
وزیر قانون پنجاب ، رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس کا دھماکا ایک حادثہ تھا، بارودی مواد کا کوئی ثبوت نہیں ملا، امکان ہے کہ دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا۔جب تک فرانزک لیبارٹری سے معاملہ کلیئر نہیں ہوجاتا،دھماکے کا تعین نہیں ہو سکتا۔

صوبائی وزیرقانون نے لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ناقص سلینڈر فروخت کرنے والوں نے جرم کاارتکاب کیا، ان کے خلاف سخت کارروائی کرینگے۔ قوم اورملک کی خاطرسب نےجانوں کانذرانہ پیش کیا ہے۔ایسےواقعات سےکیسے نمٹنا ہے اس بارے میں سوچنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور دھماکے سے متعلق ابتدائی اطلاعات تھیں کہ جنریٹر کا دھماکا ہوا ہے،کسی کا خیال تھا کہ یہ سلنڈر دھماکا ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر دھماکے کی جگہ پہنچے۔جب تک فرانزک لیباٹری سے معاملہ کلیئر نہیں ہوجاتا،دھماکے کا تعین نہیں ہو سکتا۔

وزیر قانون نے کہا کہ یہ ہماری قومی جنگ ہے،اس جنگ کو ہمیں مل کرحوصلے سے لڑناہے۔گزشتہ روز ایک اور دھماکےکی خبر دی گئی۔خبروں کی وجہ سے خوف و ہراس پیدا ہو۔میڈیابہت ذمہ دارہے،سب طبقات اپناکرداربھرپور انداز میں ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے پی ایس ایل کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے بارے میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے۔اس بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا ۔اس کے متعلق آج وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ہوگا۔

انہوں نےلاہورچیئرنگ کراس دھماکے کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ کرنے والا پورا نیٹ ورک ٹریس ہوگیا۔تمام کردارقانون کی گرفت میں ہیں۔مقامی سطح پر کوئی سہولت کار شامل نہیں ۔گرفتاردہشتگردوں سے حاصل اطلاعات کی روشنی میں ایکشن پلان بنارہےہیں۔دہشتگردوں سےملنے والی اطلاعات میڈیا سےشیئر نہیں کرسکتے۔

وزیر قانون نے کہا کہ سیاسی مخالفین منفی پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔سیاسی مخالفین اس ملک پر رحم کریں۔ان کی حکمرانی کا خواب ایسے پورا نہیں ہوگا۔