لاہور میں آصف زرداری اور طاہرالقادری کی ملاقات جاری

قومی آواز ۔
Thursday, December 7, 2017

سائیبر ونگ ۔ لاھور ۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری اور سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان ملاقات جاری ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے درمیان ملاقات منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں ہو رہی ہے۔ ملاقات میں خرم نواز گنڈا پور، منطور وٹو اور قمر زمان کائرہ سمیت دیگر رہنما بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق نجفی کمیشن رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین نے ماڈل ٹاؤن واقعے کے ذمہ داران کو مل کر کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ طاہرالقادری کی دعوت پر ملنے جارہے ہیں لیکن طاہرالقادری سے ملاقات نئی نہیں، ان سے پہلے بھی ہمارے ان کے ساتھ رابطے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری سے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت تمام ایشوز زیر بحث آئیں گے اور ملک کو عدم استحکام کی صورتحال سے نکالنے پر بات ہوگی۔