مرد ذہین خواتین سے خوفزدہ رہتے ہیں : تحقیق

قومی آواز ۔ لندن: اگرچہ مرد اکثر اوقات اس بات کا پرچار کرتے نظر آتے ہیں کہ انھیں ذہین خواتین پسند ہیں اور وہ ایسی خواتین کی صلاحیتوں کا کھلے دل سے اعتراف بھی کرتے ہیں ۔ لیکن در حقیقت وہ باصلاحیت اور ذہین خواتین سے خوفزدہ ہوتے ہیں ۔ محققین کی جانب سے پیش کی جانے والی حالیہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مردخواتین کی ذہانت سے حسد کا شکار نہیں ہوتے تاہم ایسی لڑکیوں یا خواتین کے ساتھ شادی یا محبت کرنے کے حق میں بھی نہیں ہوتے ۔ اس کی ایک وجہ شاید یہ رہی ہو چونکہ مرد جب تک خواتین کے سامنے اپنی مردانگی کا رعب نہ جھاڑ لیں مطمئن نہیں ہو پاتے۔ جن خواتین کو مرد کی فطرت کا اندازہ ہو یا وہ اچھے برے میں تمیز رکھتی ہوں تو کیسے ممکن ہے وہ مردوں کی بناوٹی شخصیت سے مرعوب ہی ہو جائیں لہٰذا ایسی صورتحال میں مرد ذہین خواتین سے زرا دور ہی رہتے ہیں۔پرسنیلٹی ایند سوشل سائیکالوجی بلٹن کے نومبر کے شمارے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق مرد ذہین خواتین کے ساتھ شادی اور محبت کے رشتے میں بندھنا قطعی پسند نہیں کرتے ہیں۔یونیورسٹی آف ٹیکساس ، کیلی فورنیا لودرن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف بفیلو کے محققین کی مشترکہ رائے کے مطابق مرد جب خواتین کی طرف متوجہ ہوتے ہیں تو کئی ایک پہلوؤں کے ساتھ ان کی پیشہ ورا نہ صلاحیتوں کی طرف بھی توجہ دیتے ہیں ۔تحقیق کے دوران محققین نے105مردوں کا مشاہدہ کیا ۔ مشاہدے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ انکا خواتین کے ساتھ انگلش کورس اور ریاضی سے متعلق بات کرنا اور یہ جاننا کہ وہ ان سے ذیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہیں انھیں بہت اچھا لگا ۔ علا وہ ازیں مردوں کی طرف سے خواتین کی ان صلاحیتوں کا کھلے دل سے اعتراف بھی کیا گیا ۔ تاہم دوسری جانب جب ان سے ایسی خواتین کے ساتھ محبت یا شادی کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا رویہ یکلخت سرد مہرانہ ہو گیا ۔جس سے ماہرین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ مرد ذہین اور با صلاحیت خواتین کے ساتھ دوستی تو کر سکتے ہیں لیکن محبت اورشادی کا تصور کم ہی کرتے ہیں ۔ دریں اثناء ماہرین نفسیا ت کی رائے کے مطابق مرد ذہین خواتین سے خوفزدہ بھی ہوتے ہیں ۔ تاہم انکا یہ بھی کہنا ہے کہ اس تحقیق کو حرف آخر تصور نہیں کیا جا سکتاوقت کے ساتھ ساتھ مردوں کی سوچ میں تبدیلی پیدا ہونے کے بھی واضح امکانا ت ہیں ۔