ملیر کے علاقے سعود آباد میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر لڑکی کا لرزہ خیز قتل

قومی آواز ۔ کراچی ۔
Tuesday, December 5, 2017
کراچی میں پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعے نے شہریوں کے دل دہلا کر رکھ دیے، ڈاکوؤں نے سامان تو لوٹا ہی ساتھ میں گھر میں موجود 16 سالہ لڑکی کو بھی قتل کردیا۔

کراچی میں ملیر کے علاقے سعود آباد میں گھر میں ڈکیتی کے دوران سنگ دل لیٹروں نے مزاحمت کرنے پر گلا کاٹ کر لڑکی کی جان لے لی جبکہ دوسری بہن کو زخمی کردیا۔

اطلاعات کے مطابق صبح دس بجے قریب 2 ڈاکو گھر میں گھسے،علوینہ اور علینہ کے علاوہ گھر میں کوئی نہیں تھا، والدین کام پر اور دو بھائی اسکول گئے ہوئے تھے۔

علینہ نے اپنی بہن علوینہ کا لرزہ خیر قتل اپنی آنکھوں سے دیکھا، سفاک ملزمان نے علینہ کو بھی قتل کرنے کی کوشش مگر خوش قسمتی سے وہ بچ گئی۔

لواحقین نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں ہزاروں روپے مالیت کے سونے کے زیورات، نقدی اور موبائل فون جانے کا ذکر کیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر ڈکیتی میں مزاحمت کا واقعہ لگتا ہے جس کی ابتدائی تفتیش میں کچھ شواہد مل گئے ہیں۔

واقعے میں زخمی ہونے والی علینہ کا کہنا ہے کہ ملزمان 2 تھے جنہوں نے سونا اور نقدی نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

علینہ نے یہ بھی بتایا کہ اس کی چھوٹی بہن مزاحمت کے لیے چھری باورچی خانے سے لائی تھی جسے ملزمان اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

افسوسناک واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ایس پی شاہ فیصل شعبان علی نے بتایا کہ ملزمان گھر کے پچھلے دروازے سے داخل ہوئے جبکہ شناخت چھپانے کے لیے انہوں نقاب پہنا ہوا تھا۔

مقتولہ کی ماں غم سے نڈھال ہے جس کا کہنا ہے کہ ڈاکو نقدی زیور سب کچھ لے جاتے لیکن بیٹی کو تو قتل نہ کرتے۔