نہ پہلے ڈرے اور نہ اب ڈریں گے، آصف زرداری

April 04, 2017
نہ پہلے ڈرے اور نہ اب ڈریں گے، آصف زرداری
قومی آواز گڑھی خدابخش:
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی طرف میلی نظر رکھنے والوں کو بتادوں نہ پہلے ڈرے اور نہ اب ڈریں گے۔

گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے منعقد پیپلز پارٹی کے جلسے کا آغاز ہوگیا، سابق صدر آصف زرداری کے علاوہ، بلاول بھٹو زرداری ،شیری رحمان، صنم بھٹو، رحمان ملک ،نیر بخاری اور دیگر اسٹیج پر موجود تھے، اس موقع پر آصف زرداری نے کارکن کے گلے سے جھنڈا اتار کر اپنے گلے میں ڈالا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہر دور ہر فلسفے میں اونچ نیچ آتی رہی ہے،ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ کئی ظلم ہوئے، انہوں نے اپنی زیادتیوں پرکبھی کوئی بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ صرف 15دن پنجاب میں بیٹھا تھا تو بلے والوں اور کاغذی شیروں کا حال خراب ہو گیا،اب ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ میں جاؤں گا اور جئے بھٹو کے نعرے لگیں گے تو یہ سارے پیٹو بھاگ جائیں گے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس فلسفہ، سوچ، غریبوں کے لیے پروگرام ہے،موجودہ حکومت چین کے ساتھ بنایا گیا ہمارا سی پیک معاہدہ لیکر آگے چل رہی ہے،ذوالفقارعلی بھٹو نے نیوکلیئر پروگرام دیا اور یہ کہتے ہیں کہ یہ میاں صاحب کا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بجلی نہ صرف ڈبل مہنگی ہوگئی بلکہ بجلی اور پانی بھی نا پید ہو گیا، ہم پاناما اور ججوں کا انتظار کر رہے ہیں، ہم نہیں سمجھتے کہ پاکستان میں کبھی انصاف ہوا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ کردار کشی کی گئی اور ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی، دیکھتےہیں ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے،ہم ان کا مقابلہ کریں گے، وعدہ کرتاہوں کہ اگلی حکومت بھی بنا کر دوں گا، اسی سال الیکشن کے لیے تیار ہیں۔