ٹورنٹو میں جائیدادوں کی قیمتوں پر بند باندھنے کی کوشش تا حال ناکام

قومی آواز ٹورانٹو ۔

ٹورنٹو میں جائیداد وں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے اب تک کی جانے والی تمام سرکاری کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور جائیداد کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس سے شہریوں میں بے چینی پھیل رہی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اب جائیدادوں کی نیلامی سے صورتحال اور بھی پیچیدہ ہو چکی ہے ۔ ٹورنٹو میں ایک نئے مکان مالک مارکو سجاکووک کا کہنا ہے کہ انہیں نئے مکان کا مالک بننے میں شدید مشکلات پیش آئیں انہیں کم از کم دس جگہ مکانوںکی بولی دینی پڑی تب کہیں جا کے وہ شہر میں ایک مکان خریدنے میں کامیاب ہو سکے۔اس وقت صورتحال یہ ہے کہ جائیداد کی خرید و فروخت کرنے والے ادارے جائیداد خریدنے اور بیچنے والوں کے اعداد و شمار اور ان کی دیگر تفاصیل پوشیدہ رکھتے ہیں جس سے صورتحال پوری طرح ظاہر نہیںہو پارہی کہ آخر جائیدادوں کی قیمتوں کو پر کیسے لگ گئے ۔جولائی 2015میں اونٹاریو اسٹیٹ کونسل نے شہریوں کی آسانی کے لئے ایک فارم 801کا اجراءکیا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ مکان خریدنے کے خواہشمند لوگوںکو ان کے من پسند مکان کے بارے میں پوری تفصیل بتائی جائے یعنی ان دوسرے افراد کے نام بھی بتائے جائیں جو اسی مکان کے ممکنہ خریدار ہوں۔اس کے ساتھ مکان کی پوری سیلز ہسٹری کہ اسے کتنی مرتبہ اور کس کس نے خریدا اور بیچاوغیرہ۔نووا اسکوٹیا میں مکان خریدنے کے خواہشمندوں کو یہ سہولت حاصل ہے کہ انہیں مکان کے بارے میں تمام تفصیلات بتائی جاتی ہیں کہ مکان کب بنا کب بیچا گیا اور اسے کتنی مرتبہ بیچا اور خریدا گیا اور کس قیمت پر بیچا گیا نیز اب اس کی مارکیٹ ویلیو کیا ہے۔جب بھی کسی جائیداد کی خرید و فروخت ہوتی ہے تو اسے عوام کی سہولت کے لئے مشتہر بھی کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو اس بارے میں پوری تفصیل معلوم ہو۔سجا کووک کا کہنا ہے کہ اگر انہیں بھی ایسی ہی سہولت فراہم کی جاتی تو یہ ان کے لئے بہت اچھا ہوتا ۔شہریوں کے لئے یہ تفصیل جاننا اچھا ہے مگر رئیل اسٹیٹ سے وابستہ کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی ٹھیک نہیں ہے۔شعبے سے وابستہ ایک کاروباری مارک براﺅن کہتے ہیں کہ جائیدادوں کے بارے میں شفافیت لانا ٹھیک نہیں ہے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ کسی مکان کا صرف ایک ہی بائیر ہو تو اس کی کیا تفصیل دی جائے گی نیز کسی بہت ہی کمرشل جگہ کی ویلیو کے لحاظ سے بہت سے بائرز ہو سکتے ہیں جن کی تفصیل دینا ٹھیک نہیں ہو سکتا۔