کراچی میں خواتین کے لئے ’پنک ٹیکسی‘ متعارف

March 10, 2017
قومی آواز ۔ کراچی : گلابی رنگ کی اس ٹیکسی کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ڈرائیور نا صرف خواتین ہوں گی بلکہ اس میں سفر بھی صرف خواتین ہی کر سکیں گی

وقت تیزی سے بدل رہا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان بدل رہا ہے۔ کل تک خواتین کا گھر سے نکلنا، ٹیکسی میں سفر کرنا اور گاڑی یا ٹیکسی چلانا معیوب باتیں ہوا کرتی تھیں۔ لیکن، آج کے پاکستان میں خواتین نہ صرف بے خوف و خطر ڈرائیونگ کر رہی ہیں، بلکہ اب خواتین کے لئے خواتین ڈرائیورز کے ساتھ ٹیکسیاں بھی گھر بیٹھے ملنے لگی ہیں۔

کراچی میں اس بار خواتین کے عالمی دِن پر ایک نئی ٹیکسی سروس شروع کی گئی ہے جس کا نام ہے ’پنک ٹیکسی‘ جو ’پیکسی‘ نامی ایک کمپنی نے شروع کی ہے۔

’پیکسی‘ کی مارکٹنگ منیجر، اقراء حمید نے جمعہ کے روز ’وائس آف امریکہ‘ کو انٹرویو میں بتایا ’پنک ٹیکسی‘ کی خدمات سے ایپ، ایس ایم ایس اور دیگر جدید طریقوں کی مدد سے گھر بیٹھے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، جبکہ راہ چلتے آواز دے کر بھی اس سروس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

گلابی رنگ کی اس ٹیکسی کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ڈرائیور نا صرف خواتین ہوں گی بلکہ اس میں سفر بھی صرف خواتین ہی کرسکیں گی۔ اقراء کا کہنا ہے کہ پنک ٹیکسی کی ہر رائیڈ حادثاتی انشورڈ ہے یعنی کسی بھی حادثے کی صورت میں انشورنس کلیم ملے گا۔