کیلیفورنیا کے شمالی علاقے میں لگی آگ پرقابو نہ پایا جاسکا، ہلاکتیں 31 ہوگئیں

  امریکہ12 نومبر ، 2018
قومی آواز:کیلیفورنیا

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں میں لگنے والی آگ بے قابو ہوگئی جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 31 تک پہنچ گئی۔

شمالی کیلیفورنیا کے حکام کا کہنا ہے کہ پیراڈائز ٹاؤن میں آگ لگنے کے واقعے میں مزید 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 31 تک پہنچ گئی۔

پولیس حکام کے مطابق پانچ افراد کی لاشیں ایک گھر سے ملیں جب کہ ایک سوختہ لاش گاڑی سے برآمد ہوئی، خوفناک آگ کو کیلیفورنیا کی تاریخ کی مہلک ترین آگ قرار دیا جارہا ہے۔

حکام نے متاثرین کی شناخت کے لیے ڈی این اے موبائل وین لیب اور کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے علم الانسان (اینتھروپولوجسٹ) کے ماہرین کو طلب کرلیا۔

27 ہزر نفوس پر مشتمل پیراڈائز ٹاؤن کی آتشزدگی کے بعد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہریوں کے گھر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے اور جگہ جگہ گاڑیاں اور درخت بھی سوختہ حالت میں موجود ہیں۔

فوٹو: بشکریہ فوکس نیوز
کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات و فائر پروٹیکشن کے مطابق جمعرات 8 نومبر کو پیراڈائز ٹاؤن میں لگنے والی آگ نے اب تک ایک لاکھ 9 ہزار ایکڑ علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 6 ہزار 400 سے زائد رہائشیوں کی املاک کو نقصان پہنچا۔


متعلقہ خبریں