Monday, December 25, 2017 تیونس کی وزارت ٹرانسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ تیونس میں متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمرٹس کے ملک میں داخلے پر پابندی کردی گئی ہے۔ وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ایمرٹس ایئرلائن کی پرواز اس وقت تک منسوخ رہیں گی جب تک اسے عالمی قوانین اور معاہدوں کے تحت نہیں چلایا جاتا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل ایمرٹس ایئرلائن نے دبئی جانے والی چند تیونسی خواتین کو بورڈنگ دینے سے انکار کردیا تھا۔ جب کہ اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم زیبی کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور ایمرٹس ایئرلائن پر ملک میں داخلے پر عائد کردہ فیصلے سے بھی آگاہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ انور گارگش کا کہنا ہے کہ سفری پابندی سیکیورٹی کی وجہ سے لگائی گئی ہے جب کہ اس حوالے سے تیونس کے حکام سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات تیونس کی خواتین کی حوصلہ افزائی اور عزت کرتا ہے، ہمیں غلطیوں اور واقعات کی تشریح سے اجتناب کرنا چاہیے۔
قومی آواز ۔ تیونس ۔
شمالی افریقی ملک تیونس نے متحدہ عرب امارات کی ایمرٹس ایئرلائن کا ملک میں آپریشن احتجاجاً منسوخ کردیا۔