جمعرات , 31 مارچ , 2016
شاپنگ بیگ قبل از وقت بچوں کی پیدائش کا موجب بنے لگے: محققین
قومی آواز :نیویارک: ہمارے ہاں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز(شاپر) کا استعمال بے دریغ کیا جاتا ہے اور اکثر لوگ ہوٹلوں سے کھانا بھی شاپروں ہی میں پیک کروا کے لے جاتے ہیں ۔ تاہم حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ شاپنگ بیگز انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہیں ۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ”پلاسٹک کے شاپنگ بیگز میں ایک ایسا خطرناک کیمیکل پایا جاتا ہے جو خواتین میں ایک بیماری پیدا کرتا ہے جس سے ان کے ہاں قبل از وقت بچے پیدا ہونے لگتے ہیں، اور قبل از وقت پیدائش بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔اس کے علاوہ ایسے بچے ذہنی و جسمانی معذوری کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔“ یہ تحقیق ٹیکساس یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ حاملہ خواتین پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کا جتنا زیادہ استعمال کرتی ہیں ان کے ہاں بچے کے قبل از وقت پیدا ہونے کے امکانات بھی اتنے ہی زیادہ ہو جاتے ہیں۔اس تحقیق کے لیے سائنسدانوں نے بچے کی پیدائش کے لیے ہسپتال آئی خواتین کے خون کے ٹیسٹ کیے اور اس میں پلاسٹک کے کیمیکل کی مقدار اور اس کے بچے پر اثرات کا معائنہ کیا۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر رام کمار مینن کا کہنا تھا کہ ”پلاسٹک کے لفافے کھانے پینے کی اشیاء کی پیکنگ میں بکثرت استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین میں قبل از وقت بچے پیدا ہونے کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔اس وقت کسی نہ کسی حد تک سبھی خواتین قبل از وقت بچے پیدا کر رہی ہیں لیکن حمل کا وقت مکمل ہونے سے قبل بچے کا پیدا ہونا بہت خطرناک ہوتا ہے۔“ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اس وقت امریکہ میں پیدا ہونے والے ہر 10میں سے 1بچہ قبل از وقت پیدا ہو رہا ہے۔برطانیہ میں قبل از وقت پیدائش ہونے کی وجہ سے بچوں کی شرح اموات 7فیصد تک ہو چکی ہے۔