قومی آواز ۔ ممبئی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ وہ کچھ بھی دنیا کے لیے نہیں کرتیں اور بھارتی اداکار رنبیر کپور سے ان کی ملاقات ایک عام سی ملاقات تھی۔ ماہرہ خان کی گزشتہ دنوں رنبیر کپور کے ساتھ لی گئی تصاویر منظر عام پر آئیں تھیں جس پر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ روز ماہرہ خان نے اپنی آنے والی فلم ‘ورنہ’ کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں شرکت کی جہاں ان سے مذکورہ تصاویر سے متعلق ایک صحافی نے سوال پوچھا۔ اس سوال پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے رنبیر سے کافی کچھ سیکھا ہے اور وہ ملاقات ایک عام سی ملاقات تھی بالکل ویسے ہی جیسے کسی لڑے اور لڑکی ہوا کرتی ہے۔ ماہرہ کے مطابق “میں نے اس [رنبیر] سے بہت کچھ سیکھا ہے البتہ میں ہمیشہ خیال رکھتی ہوں کہ میں اپنی ذاتی زندگی کو کیمرے سے دور رکھوں۔ میں کچھ بھی دنیا کے لئے نہیں کرتی۔۔۔رنبیر سے میری ملاقات ایک عام ملاقات تھی جیسے ہر لڑکا اور لڑکی کی ہوتی ہے”۔ اس وقت ماہرہ خان اپنی فلم ‘ورنہ’ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس کی ہدایتکاری کے فرائض شعیب منصور نے سر انجام دیئے ہیں۔ فلم ورنہ آئندہ ماہ 17 نومبر کو سینما گھر کی زینت بنے گی۔
Friday, October 20, 2017