Sunday, February 18, 2018 پیرس: پاکستان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی واچ لسٹ میں شامل کرنے کی تحریک آج فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ پیرس میں آج ہونے والی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اجلاس میں پاکستان مخالف تحریک پر بحث کی جائے گی جب کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی واچ لسٹ میں نامزدگی رکوانے کے لئے پاکستان بھی سرگرم ہے جس کے لئے دوست ممالک سے رابطے کیے گئے ہیں۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خیلج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔ تنظیم کی بنیادی ذمہ داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے اقدامات کرنا ہیں۔
امریکا پاکستان کو دہشت گردوں کی معاونت کرنیوالے ممالک کی لسٹ میں شامل کرانے کیلیے متحرک عالمی واچ لسٹ میں پاکستان کا نام شامل ہونے سے اسے عالمی امداد قرضوں اور سرمایہ کاری کی سخت نگرانی سے گزرنا ہوگا جس سے بیرونی سرمایہ کاری متاثر ہوگی اور ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان کی جانب سے اپنی نامزدگی رکوانے کے لئے دوست ممالک سے رابطے کر لئے گئے ہیں، حکومتی ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے یورپی ممالک اور وزیر توانائی اویس لغاری نے ملائیشیا کا دورہ کرکے حکام سے ملاقاتیں کیں جب کہ پاکستانی سفیروں کو بھی ممبر ممالک کو اپنے مؤقف پر قائل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 2012 سے 2015 تک بھی پاکستان ایف اے ٹی ایف واچ لسٹ میں شامل تھا۔
قومی آواز : پیرس